اعظم خان کا بیان عمران خان کیخلاف فردِ جرم ہے،رانا ثناء اللہ

چیئرمین پی ٹی آئی کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے،یہ ریاست کے مفاد کا معاملہ ہے اور مقدمہ خصوصی عدالت میں بھیجا جائے گا،وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اعظم خان کا بیان چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف فردِ جرم ہے۔ شاہ محمود قریشی بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں،عمران خان کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم خان کے بیان سے پتاچل گیا اصل میرجعفر کون ہے؟ قومی سلامتی کے اداروں کیخلاف سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا،ملکی مفادات کیخلاف کھیلنے والے کھلاڑی خود اعتراف جرم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سائفر گم نہیں ہوا وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہے،خفیہ سرکاری دستاویز کو اپنی تحویل میں رکھنا جرم ہے۔ عمران خان نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی،خفیہ دستاویز رکھنے کا جرم اس وقت تک جاری رہے گا،جب تک عمران خان کو گرفتار کر کے سائفر برآمد نہیں کر لیا جاتا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے تانے بانے ملک کے باہر جڑتے ہیں،سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر کو پبلک کرنے کا جرم کیا۔

سیاسی اور ذاتی مفاد کیلئے سائفر کا کھیل کھیلا گیا،یہ ریاست کے مفاد کا معاملہ ہے،یہ جرم ہوا ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ ریاست کی مدعیت میں یہ مقدمہ پراسکیوشن کو بھیجا جائے گا اور مقدمہ خصوصی عدالت میں بھیجا جائے گا۔ اعظم خان نے اپنے بیان میں وضاحت کر دی کہ وہ کہاں تھے؟اعظم خان نے کہا کہ وہ اپنے دوست کے گھر پر تھے۔ رانا ثناء اللہ نے 9 مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی بھی سائفر جیسی سازش کا تسلسل ہے۔ پی ٹی آئی کے شرپسندوں کیخلاف قانونی کارروائیاں جاری ہیں،قانون اور آئین کے مطابق میرٹ پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنے جرم کا حساب تو دینا ہو گا۔