پشاور: (نیوز ڈیسک) پشاور کے علاقے حیات آباد میں حساس ادارے کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ایف سی کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ ابتک 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کر دیا۔
بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق گاڑی میں موجود سی این جی ٹینکی میں 20 سے 25 کلو دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا، دھماکے میں ہائی ایکسپلسیو بارود استعمال کیا گیا، خودکش جیکٹ کے استعمال کے شواہد کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہو گئی، دھماکے میں کالے یا گہرے نیلے رنگ کی چھوٹی گاڑی استعمال ہوئی ہے، دھماکہ 4 بج کر 18 منٹ پر ہوا۔
سکیورٹی فورسز کی گاڑی سڑک سے گزر رہی تھی کہ پیچھے سے تیز رفتار دوسری گاڑی آکر ٹکرائی، دھماکے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کی داہنی سمت کو نشانہ بنایا گیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے ایف سی کی گاڑی پر خودکش حملے کی مذمت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار سزا سے نہیں بچ سکتے۔