18 سے 21 جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ
لاہور (نیوز ڈیسک) مون سون بارشوں کا ایک اور تگڑا سسٹم ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، 18 سے 21 جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے زیادہ تر حصے موسلادھار بارشوں کے نئے سلسلے کی زد میں آنے والے ہیں۔ رواں ماہ کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں بادل خوب برس چکے ہیں، جبکہ اب مزید بارشوں کا امکان ہے۔
ملک میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشن گوئی کی گئی، جبکہ الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے جس کے باعث اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی شہروں میں نشیبی علاقے زِیرآب آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 18 جولائی کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
مون سون ہواوں کا یہ سلسلہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور، مردان اور میانوالی سمیت متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا باعث بنے گا۔ 19 جولائی سے 21 جولائی کے دوران بلوچستان اور سندھ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ جبکہ ان ہی ایام میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد، روالپنڈی، پشاور، گوجرانولہ اور لاہور میں نشیبی علاقے زِیرآب آنے کا خدشہ ہے۔
موسلادھار بارشوں کے باعث مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر سیاحوں اور شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ جن علاقوں میں موسم زیادہ خراب رہنے کا امکان ہے، وہاں نقل و حرکت کے معاملے میں محتاط رہیں۔