سویلیز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل،عابد زبیری کی درخواست قابلِ سماعت قرار

رجسٹرار آفس نے صدر سپریم کورٹ بار کی درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا،سپریم کورٹ کا 6 رکنی لارجر بینچ کل سماعت کرے گا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ میں سویلنز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے متعلق درخواستوں کا معاملہ،عابد زبیری کی درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمٰی نے سویلیز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری کی درخواست کو قابلِ سماعت قرار دے دیا ہے،رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے عابد زبیری کی درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا۔
سپریم کورٹ کا 6 رکنی لارجر بینچ کل درخواست پر سماعت کرے گا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف دیگر درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر رکھی ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ 18 جولائی کو سماعت کرے گا،جسٹس اعجاز الاحسن،جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس منیب اختر بینچ کا حصہ ہوں گے۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بھی بینچ میں شامل ہوں گے۔ عدالت عظمٰی نے سماعت کیلئے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر رکھے ہیں۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف درخواستوں پر 22 جون کی سماعت کا تفصیلی حکمنامہ جاری کیا تھا۔ حکمنامے کے ساتھ جسٹس قاضی فائز عیسٰی،جسٹس طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ کے اضافی نوٹ بھی شامل کیے گئے۔
جسٹس طارق مسعود نے اضافی نوٹ میں قرار دیا کہ بینچ میں شامل کرنے سے پہلے مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی،بینچ سے الگ ہونے کے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے فیصلے سے اتفاق کرتا ہوں۔ تحفظات کے باوجود جیلوں میں پڑے شہریوں کی اپیلیں سن رہا ہوں۔ درخواستیں مقرر ہونے سے پہلے درخواست گزار وکیل نے چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی،ملاقات کے اگلے ہی روز درخواستوں کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔