اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل نے کہا کہ اسلام آباد خوبصورت شہر ہے اور ہم سب مل کر اسے مزید خوبصورت بنائیں گے،ماضی میں کچھ ایسے درخت لگائے گئے جن کی وجہ سے پولن اور بیماریوں میں اضافہ ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو اسلام آباد چوک میں سی ڈی اے اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام مون سون شجرکاری مہم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال سی ڈی اے نے اسلام آباد میں ریکارڈ پودے لگائے ہیں،موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران 10 لاکھ میں سے ساڑھے 6 لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پرقربانی کے جانوروں نےلگائے گئے ان پودوں کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آج اورمستقبل کےلئے پودے لگانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ جس طرح درجہ حرارت میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے اس پر قابو پانے کےلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں شجرکاری مہم چلانے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ رفاہ یونیورسٹی نے مون سون شجرکاری مہم کےلئے 5ہزار پودے گفٹ کئ، ماضی میں کچھ ایسے درخت لگائے گئے جن کی وجہ سے پولن اور دیگربیماریوں میں اضافہ ہوا لیکن اب ان کی جگہ دیگر پودے لگانے کا سلسلہ جاری ہے، کسی بھی پراجیکٹ کا گرین فنڈ 1 فیصد تھا جسے بڑھا کر2 فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کاوشوں میں سی ایس آر اور سول سوسائٹی کو خوش آمدید کہیں گے،پارکس بھی بنا ئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کرنل شیر خان ایونیو پر 50 ہزار اور مارگلہ ایونیو پر 26 ہزار درخت لگائےگئے ہیں۔