امریکی خاتون کو شوہر کی تلاش،ڈھونڈنے والے کیلئے 5 ہزار ڈالر کا اعلان

35 سالہ اِیو ٹلی کولسن کو براہ راست اور مختلف ایپس پر کوئی بھی پسند نہیں آیا،شوہر کیلئے کچھ شرائط بھی رکھ دیں

لاس اینجلس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی خاتون کو شادی کیلئے شوہر کی تلاش،ڈھونڈنے والے کو 5 ہزار ڈالر انعام دینے کا اعلان کر دیا۔ نیو یارک پوسٹ کے مطابق لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ امریکی خاتون اِیو ٹلی کُولسن مختلف ڈیٹنگ ایپس استعمال کر کے تھک چکی ہے،انہوں نے بالواسطہ اور مختلف ایپس کے ذریعے لوگوں سے ملاقات کی کوشش تو کی تاہم انہیں شادی کیلئے کوئی خاص نہ بھایا۔
اب خاتون نے ٹک ٹاک پر شادی کیلئے شوہر تلاش کرنے پر فالورز سے مدد مانگ لی اور شوہر ڈھونڈ کر دینے والوں کو انعام دینے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے ہونے والے شوہر کیلئے کچھ شرائط رکھتے ہوئے کہا کہ اس شخص کی حس مزاح برطانوی ہو،جبکہ بچوں،کھیلوں اور جانوروں سے محبت کرنے والا انسان ہو۔
امریکی خاتون نے یہ بھی شرط رکھی کہ ان کا شوہر نشہ آور استعمال نہ کرتا ہو۔

اِیو ٹلی کُولسن نے کہا کہ سیاسی ومذہبی نظریات اور قومیت ان کیلئے اتنی اہمیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ شادی کی بات انہوں نے اپنے قریبی دوستوں سے کی لیکن اب وہ اس بات کو سب کے سامنے کر رہی ہیں۔ خاتون نے پیشکش کی کہ اگر کوئی میری کسی ایسے شخص سے ملاقات کرائے جو مجھے پسند آ جائے اور میں اس سے شادی کر لوں تو میں ملوانے والے کو 5 ہزار ڈالر بطور انعام دوں گی۔
امریکی خاتون نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کوویڈ کے بعد ڈیٹنگ کلچر میں تبدیلی رونما ہو چکی ہے،مرد حضرات براہ راست ملاقات کیلئے نہیں آتے،جبکہ ایپ پر وہ اتنے سنجیدہ نہیں ہوتے۔ اِیو ٹلی کُولسن نے مزید کہا کہ وہ شادی کے بندھن میں زیادہ مدت نہیں رہ سکتی اور ہو سکتا ہے کہ 20 سال کے بعد میں شوہر کو طلاق دے دوں لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یاد رہے کہ امریکی خاتون پیشے کے لحاظ سے کارپوریٹ اٹارنی ہے اور انکے ٹک ٹاک پر لگ بھگ 1 لاکھ فالوورز ہیں۔