پب جی گیم پر دوستی کے بعد اپنے محبوب سے ملنے بھارت پہنچنے والی خاتون سے متعلق انکشافات

خاتون کو کراچی میں اس کے شوہر نے گھر خرید کر دیا، خاتون وہی گھر بیچ کر دو ممالک سے ہوتی ہوئی نوجوان سے ملنے بھارت پہنچ گئی، والدین کا اظہارِ لاتعلقی

کراچی (نیوز ڈیسک) پب جی گیم نے ایک اور گھر اُجاڑ دیا، چار بچوں کی ماں اپنے محبوب سے ملنے بھارت جا پہنچی، بھارتی شخص کی محبت میں گرفتار ہونے والی خاتون سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ سیما دھنی بخش نامی خاتون گوٹھ گلستان جوہر میں اپنے بچوں کے ساتھ رہتی تھی۔سیما کو کراچی میں اس کے شوہر نے گھر خرید کر دیا تھا جو سعودیہ میں مقیم ہے۔
سیما اسی گھر کو فروخت کرکے دبئی پہنچ گئی۔ پھر نیپال اور انڈیا گئی۔خاتون کے والدین نے اظہارِ لاتعلقی کر دیا ہے۔

بھارت میں پولیس نے ایک پاکستانی خاتون اور اس کے چار بچوں کو حراست میں لیا تھا جو غیر قانونی طور پر گریٹر نوئیڈا میں مقیم تھے، جہاں انہیں مبینہ طور پر ایک مقامی شخص نے پناہ دی تھی جو آن لائن گیم پب جی کے ذریعے اس سے ملا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گریٹر نوئیڈا کے رہنے والے اس شخص کو بھی حراست میں لیا ہے، جس نے مبینہ طور پر انہیں اپنے کرائے کے مکان میں رکھا تھا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (گریٹر نوئیڈا) سعد میا خان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ خاتون اور مقامی شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ خاتون کے چار بچے بھی پولیس کی تحویل میں ہیں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ پاکستانی خاتون، جس کی عمر 25 سال سے زائد ہے اور مقامی شخص کا آن لائن گیم PUBG پر رابطہ ہوا تھا، جس کی وجہ سے ان کے درمیان دوستی ہو گئی۔ اس وقت مرد اور عورت سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ مزید تفصیلات اور حقائق پوچھ گچھ ختم ہونے کے بعد بتائے جائیں گے۔مقامی پولیس اہلکار کے مطابق یہ خاتون مبینہ طور پر اپنے بچوں کے ساتھ گزشتہ ماہ نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہوئی تھی اور اتر پردیش میں داخل ہونے اور ایک بس کے ذریعے گریٹر نوئیڈا پہنچی تھی۔اہلکار نے دعویٰ کیا کہ خاتون اور اس کے بچے گریٹر نوئیڈا کے ربوپورہ علاقے میں رہنے والے شخص کے کرائے کے مکان میں رہ رہے تھے۔