طوفانی بارش، وزیراعظم کی پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے طوفانی بارش پر پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو امدادی ٹیموں کو فوری متحرک کرنے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، میونسپل اور متعلقہ اداروں کا اشتراک عمل یقینی بنایا جائے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے اور وفاقی اداروں کو پنجاب حکومت کی معاونت کی ہدایت کر دی اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی مون سون بارشوں کے لیے پیشگی حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، صوبائی و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پیشگی انتظامات میں معاونت کریں، دیہی علاقوں میں شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور مال مویشیوں کو بچانے کے اقدامات کیے جائیں، اربن فلڈنگ سے بچاﺅ کے لیے فوری اور ضروری اقدامات تیز کیے جائیں۔

وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، کے پی سمیت بالائی علاقوں میں انتظامیہ کو متحرک اور تمام اقدامات سے وزیرِ اعظم آفس کو مطلع رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، 10 گھنٹوں میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر بھر کے درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔