ہیلمٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 200 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا،ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایات جاری کر دیں
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) ہیلمٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اب پٹرول نہیں ملے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ قوانین پر عملدرآمد کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے پورے صوبے میں مہم شروع کی ہے جس کے تحت گیریژن سٹی کے پٹرول پمپ ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کو ایندھن فراہم نہیں کریں گے۔
ڈی آئی جی نے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی سمیت تمام اضلاع کے چیف ٹریفک افسران اور ڈی پی اوز کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے اور ہدایت کی کہ وہ ہیلمٹ سے متعلق قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پنجاب نے یہ ہدایات عید کی چھٹیوں کے دوران ٹریفک حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں کے تناظر میں جاری کیں۔
ٹریفک پولیس کے افسران کا کہنا ہے کہ حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جس وجہ سے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس ہیلمٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں آگاہی مہم بھی شروع کرے گی۔یہ مہم پہلے بھی پنجاب بھر کے شہروں میں جاری ہے۔ہیلمٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 200 روپے جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔راولپنڈی کے سی ٹی او تیمور خان کا کہنا ہے کہ ہمارا محکمہ پہلے ہی ہیلمٹ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
موٹر سائیکل سواروں کے ہیلمٹ پہنے کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔راولپنڈی ٹریفک پولیس نے گزشتہ ایک ماہ میں ہیلمٹ نہ پہننے پر 6739 چالان کیے ہیں۔ سی ٹی او نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کا ایجوکیشن ونگ آگاہی پھیلانے کی کوششیں کر رہا ہے تاکہ سڑک کے سفر کو محفوظ اور درست بنایا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریفک وارڈنز کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ قوانین پر عملدرآمد کا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ قیمتی جانوں کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔روزانہ ہونے والے حادثات میں زیادہ تر اموات موٹرسائیکل سواروں کی ہوتی ہیں۔