سابق بھارتی پیسر پراوین کمار اور انکا بیٹا ٹریفک حادثے میں بال بال بچ گئے

پروین کمار نے اپنے کیریئر میں ہندوستان کے لیے چھ ٹیسٹ، 68 ون ڈے اور 10 ٹی ٹونٹی کھیلے

میرٹھ (سپورٹس ڈیسک ) ہندوستان کے سابق تیز گیند باز پراوین کمار اور ان کا بیٹا اس وقت بال بال بچ گئے جب ان کی ایس یو وی منگل کی رات میرٹھ میں ایک ٹریلر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے نے گزشتہ سال رشبھ پنت کی خوفناک کار حادثے کی یادیں تازہ کر دیں۔ 36 سالہ کمار، جنہوں نے اپنے کیریئر میں ہندوستان کے لیے 6 ٹیسٹ، 68 ون ڈے اور 10 ٹی ٹونٹی کھیلے، نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ اور ان کا بیٹا ٹھیک ہیں۔
پراوین کمار جو اپنے خاندان کے ساتھ میرٹھ میں رہتے ہیں، کا کہنا تھا کہ “یہ حادثہ بہت خطرناک بھی ہوسکتا تھا، ہم ٹھیک ہیں اور میں آپ سے بات کر رہا ہوں، میں اپنے بھتیجے کو چھوڑنے گیا تھا لیکن رات 9:30 بجے کے قریب ایک بڑے ٹرک نے پیچھے سے میری کار کو ٹکر مار دی۔
ہم بڑی کار ہونے کی وجہ سے بچ گئے ورنہ چوٹیں زیادہ شدید بھی ہو سکتی تھیں”۔ انہوں نے کہا کہ “میں نے شروع میں سوچا تھا کہ بمپر ٹوٹ جائے گا لیکن کار بری طرح سے خراب ہو گئی ہے۔

” پراوین کمار، جو گیند کو بڑے پیمانے پر سوئنگ کرنے کی اپنی صلاحیت کے لیے مشہور تھے، کا بین الاقوامی کیریئر صرف پانچ سال پر محیط رہا۔ 2020ء میں پیسر نے ڈپریشن کے ساتھ اپنی جنگ کا انکشاف کیا تھا لیکن اب وہ اچھی حالت میں ہیں۔ پراوین کمار نے اکثر کھیل کو واپس دینے کی اپنی خواہش کے بارے میں بات کی ہے لیکن انہوں نے تصدیق کی کہ وہ اس وقت کسی بھی قسم کی کوچنگ میں شامل نہیں ہیں۔ وہ میرٹھ میں ایک رئیل اسٹیٹ کا کاروبار اور ریستوراں چلاتے ہیں ۔