لاہور: سنگین مقدمات میں ملوث دو خطرناک مفرور اشتہاری دبئی سے گرفتار

لاہور : (کرائم ڈیسک) سنگین ترین مقدمات میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں میں تیزی، دبئی سے دو مزید خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر کے پنجاب پولیس کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری نوید احمد اور کمالیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب اشتہاری عرفان علی کو دبئی سے گرفتار کیا گیا۔

دونوں ملزمان کو انٹر پول کے ریڈ نوٹسز جاری کروا کر گرفتار کیا ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لانے والی ٹیموں کو شاباش دی۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ انٹر پول اور ایف آئی اے کے تعاون سے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں کا تعاقب جاری رکھا جائے گا، خطرناک اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخ کروا کر انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔

پولیس کے مطابق بیرون ملک مفرور اشتہاری ملزمان کے خلاف 24 جنوری سے جاری کریک ڈاؤن میں اب تک 33 خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا ہے، ان اشتہاریوں کو امریکہ، برطانیہ، خلیجی ممالک ، ساؤتھ افریقہ اور یونان سمیت دیگر ممالک سے گرفتار کیا گیا ہے