طالبہ تشدد کیس،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے انکوائری رپورٹ مرتب کر لی

رپورٹ میں اسکول کی رجسٹریشن معطل کرنے اور تشدد کرنے والی طالبات کے نام اسکول سے خارج کرنے کی سفارش کر دی گئی

لاہور (نیوز ڈیسک) ڈیفنس کے نجی اسکول میں طالبہ پر تشدد کے معاملے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے انکوائری رپورٹ مرتب کرلی،انکوائری افسران نے اسکول کو چھ لاکھ جرمانہ کرنے،رجسٹریشن معطل کرنے اور تشدد کرنے والی طالبات کے نام اسکول سے خارج کرنے کی سفارش کر دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیفنس کے نجی اسکول میں چار طالبات کی جانب سے ساتھی طالبہ پر تشدد کے کیس میں انکوائری رپورٹ تیار کر لی گئی،سی اسی او ایجوکیشن نے رپورٹ ڈی سی لاہور کو ارسال کر دی ہے۔
انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 4 طالبات نے ساتھی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا،اسکول میں نظم و ضبط کا فقدان ہے۔اسکول کیفے ٹیریا کے داخلی راستوں پر کیمرے نصب نہیں کیے گئے جبکہ واقعہ اسٹوڈنٹ پارٹی کی تصاویر والدین کو شیئر کرنے پر پیش آیا۔
انکوائری افسران نے اسکول کی رجسٹریشن معطل کرنے اور اسکول کو 6 لاکھ روپے کا جرمانہ کرنے کی سفارش کی ہے،جبکہ تشدد کرنے والی طالبات کے نام اسکول سے خارج کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعہ ڈی ایچ اے فیز 4 کے نجی سکول کے کیفے ٹیریا کے باہر پیش آیا جس میں چار طالبات نے اپنی ساتھی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا،واقعہ میں ملوث طالبات دوست تھیں،انکوائری ڈی او ایلیمنٹری ایجوکیشن لاہور،ڈپٹی ڈی او کینٹ اور ڈپٹی ڈی او ماڈل ٹاؤن نے کی۔سی ای او ایجوکیشن لاہور نے انکوائری رپورٹ ڈی سی لاہور کو ارسال کر دی ہے،ڈی سی لاہور محمد علی کل سفارشات کی روشنی میں اسکول کی رجسٹریشن کو معطل کرنے یا جرمانہ کا فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ ڈیفنس کے نجی اسکول میں تشدد کے واقعہ میں ملوث 4 طالبات سمیت تشدد کی شکار طالبہ کو بھی معطل کر دیا ہے،اسکول انتظامیہ کے مطابق طالبات کو واقعہ کی انکوائری مکمل ہونے پر معطل کیا گیا ۔ نجی اسکول کی انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے،انتظامیہ نے تحقیقاتی کمیٹی کو 10 روز میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔