آج خیبر پختو نخوا اسمبلی بھی تحلیل کر دی جائے گی،محمود خان

آئندہ دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے،وفاق نے صوبے اور فاٹا کے لیے فنڈز روک دئیے تھے،وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا

پشاور (نیوز ڈیسک) وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ آج کے پی کے اسمبلی بھی تحلیل کر دی جائے گی،ہم دوبارہ زیرو سے شروعات کریں گے،گونر خیبر پختو نخوا کٹھ پتلی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلٰی محمود خان نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا میرا آخری خطاب ہے،آج خیبرپختونخوا اسمبلی بھی تحلیل کردی جائے گی۔
آئندہ دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے،عجیب قسم کے حالات پیدا کر دیئے ہیں،نہیں معلوم صورتحال کے پیچھے کون ہے؟ آٹے اور گندم پر بہت بحث ہورہی ہے،ایک مسخرہ کہتا تھا کہ مہنگائی ہے،اب وہ کہاں ہے ؟ وزیر اعلٰی کا کہنا تھا کہ آج ہمیں بتائیں مہنگائی کہاں پہنچ گئی ہے؟خیبرپختونخوا پولیس دلیری کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے،خیبرپختونخوا اور فاٹا کے لیے وفاق نے فنڈز روک دیئے تھے۔
وفاق اگر ہمارے پیسے نہیں دیتا تو ہم لوگوں کو ترقیاتی اور ریلیف کیسے دیں؟ہم سے جو ہوسکتا تھا وہ ہم نے کیا اور کررہے ہیں،حکمران ملک کو ٹھیک کرنے آئے تھے لیکن اپنے خلاف کیسز ختم کرا لیے۔ محمود خان نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی خواہش تھی پی ٹی آئی کو ہٹا دیں،ہم حالات ٹھیک کریں گے،حکمرانوں کو دیکھ لیا انہوں نے ملک میں کیا ٹھیک کیا ہے؟ حکمرانوں کے پاس تو کچھ کرنے کی اہلیت ہی نہیں تھی اور اب کہتے ہیں کہ فلاں،فلاں پر کیس بنے گا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ۔ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کی جائے گی، خیبرپختونخوااسمبلی تحلیل کا حکم جلد جاری کردیا جائے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اسمبلی توڑنے کی سمری تیار کرلی ہے۔صدر مملکت کا آئینی اختیار ہے وہ وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں، وفاقی حکومت الیکشن سے کب تک بھاگ لے گی انتخابات تو کرانا ہوں گے۔