آئندہ بجٹ میں تنخواہیں پوری کرنا بھی حکومت کے بس کی بات نہیں: شیخ رشید

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہیں پوری کرنا بھی حکومت کے بس کی بات نہیں۔ عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اتنے کیسز ہیں ہر روز عدالت میں پیش ہورہے ہیں، مجھے یہ نہیں معلوم کہ یہ کیس کیا ہے ، بعد میں نام ڈالتے رہتے ہیں، جمہوریت گھیراؤ میں ہے اور یہ غیر مقبول حکومت ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مہنگائی اور خاص طور پر بجلی کا بل تباہ کن ہے، بجٹ آرہا ہے اس میں تنخواہیں پوری کرنا بھی ان لوگوں کے بس کی بات نہیں، اس حکومت کی کوئی سن رہا ہے نہ ان کی طرف دیکھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والا بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، غریب کا خیال کریں، بجٹ میں 17 گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہ دگنی کی جائے ورنہ یہ لاوا پھٹے گا، حالات ایسے ہوچ کے ہیں کہ زندگی گزارنا لوگوں کے بس میں نہیں، جو کچھ غریب عوام کے ساتھ ہورہا ہے وہ بہت زیادتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب ہمارے آزمائشی دوست ہیں، فلسطین کے مسلمانوں کے لیے واضح موقف لینا چاہیے، مولانا فضل الرحمان کی باتیں قوم سن رہی ہے۔