ٹی 20 ورلڈ کپ: انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کو 20 رنز سے مات

اسلام آباد: (سپورٹس ویب ڈیسک ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 1 کے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 20 رنز سے مات دے دی۔ آسٹریلیا کے شہر برسبین میں میگا ایونٹ کا 33واں میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا۔

انگلینڈ اننگز

بابائے کرکٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنائے، کپتان جوز بٹلر نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوئے، الیکس ہیلز نے 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 52 سکور بنائے، لیام لیونگسٹون 20 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے۔

لوکی فرگوسن نے سب سے زیادہ 2 جبکہ ٹم ساؤتھی، مچل سینٹنر اور آئش سوڈھی نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

نیوزی لینڈ اننگز

180 رنز ہدف کے تعاقب میں کیویز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بناسکی، گلین فلپس نے ایک مرتبہ پھر آؤٹ کلاس کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 36 گیندوں پر 62 رنز بنائے، کپتان کین ولیمسن کی 40 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے کرس ووکس اور سیم کرن نے 2،2 جبکہ مارک ووڈ اور بین سٹوکس نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

مین آف دی میچ

کپتان جوز بٹلر کو 47 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں