ملائیشیا: ( نیوز ڈیسک ) سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل آج شام ساڑھے پانچ بجے پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں آج پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی، قومی ٹیم نے 2011ء میں آخری بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان نے ایونٹ میں پانچ میچز کھیلے ہیں اور تین میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان نے ملائیشیا، جنوبی کوریا اور کینیڈا کو شکست دی جبکہ جاپان اور نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا قومی ہاکی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہاکی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان جاپان کے خلاف فائنل جیتے گا، قومی ہاکی ٹیم اذلان شاہ کپ کے فائنل میچ میں جاپان کے خلاف بہترین کارکردگی پیش کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کی دعائیں قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ ہیں، جاپان کے خلاف میچ میں جیت کیلئے کھلاڑیوں کو ٹیم ورک کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل پورے پاکستان میں براہ راست دکھانے کا فیصلہ
دوسری جانب گزشتہ روزایک پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا تھا کہ اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل پورے پاکستان میں براہ راست دکھایا جائے گا۔
خیال رہے کہ 4 سے 11 مئی تک جاری رہنے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائشیا، پاکستان، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شریک ہیں۔
پاکستان نے اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے ، اس سے قبل 29 ویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے برانز میڈل حاصل کیا تھا۔