ملک کسی کی انا اور سیاست سے یرغمال نہیں ہوسکتا: احسن اقبال

لاہور: (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ایک کروڑ کے اسرائیل ملک نے سوا ارب مسلمانوں کو بے بس کر دیا، اسرائیل دھڑلے کیساتھ ظلم کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرہم نے دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو نظام تعلیم کو بہتربنانا ہوگا، اسلام تعلیم وتحقیق پر زور دیتا ہے، اگرہم نے اندھیروں سے نکلنا ہے تو فکر اقبال سے روشنی لینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر یونیورسٹی کے اندر اقبال چیئر قائم کرنی چاہئے، نئی نسل شدت پسندانہ رویوں کا شکار ہو رہی ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے انتہا پسندی کا پرچار کیا جا رہا ہے، سب چیزوں کا علاج فکر اقبال میں ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ چند جرنیلوں، ججز نے اپنے بچوں کی فرمائش پر ناتجربہ کار کو ملک پر لاکر بٹھا دیا، چارسالوں میں ملک کا حشر نشر کر دیا گیا، ہم دوست ممالک کا اعتماد دوبارہ بحال کر رہے ہیں، آج بھارت کا وزیراعظم ہمیں جگتیں مار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن، استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات سے ہم بھارت کا مقابلہ کر سکتے ہیں، پالیسیوں کا تسلسل، استحکام بہت ضروری ہے، ہم سب کوسیاست اگلے الیکشن تک مؤخر کرنی چاہئے، اگر الیکشن پر اتنا اعتراض ہے تو اسمبلیاں، ٹی اے ڈی اے چھوڑ دیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک میں مسلسل انتشار کس کا ایجنڈا ہے؟ اگرانتشار رہے گا تو پھر کیسے سرمایہ کاری آئے گی، یہ ملک کسی کی انا اور سیاست سے یرغمال نہیں ہوسکتا۔