کراچی میں سیلاب سے متاثرہ 9 سالہ یتیم بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا

دلخراش واقعہ کلفٹن کے علاقے میں پیش آیا، 2 اغوا کاروں نے بچی کو اغوا کے بعد درندگی کا نشانہ بنایا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

کراچی (کرائم ڈیسک) کراچی میں سیلاب سے متاثرہ 9 سالہ یتیم بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، دلخراش واقعہ کلفٹن کے علاقے میں پیش آیا، 2 اغوا کاروں نے بچی کو اغوا کے بعد درندگی کا نشانہ بنایا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کراچی کے پوش علاقے سے ایک سیلاب سے متاثرہ بچی کو درندگی کا نشانہ بنا دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے کے قریب بوٹ بیسن تھانے کے علاقے کلفٹن بلاک 4 میں واقع مقامی شاپنگ مال کے باہر سے سیلاب متاثرہ 9 سالہ بچی کو زبردستی اغوا کیا گیا اورتقریباً 2 بجے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر اسی مقام پرچھوڑ دیا گیا، شام میں بچی کی حالت غیرہوئی تواسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔
پولیس سرجن کی جانب سے ضلع ساوتھ پولیس کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق بچی کی حالت اس قدر بری تھی کہ آپریشن تھیٹر میں ہی ایگزامن کرنا پڑا۔ ابتدائی معائنے سے لگ رہا تھا کہ بچی کے ساتھ گینگ ریپ ہوا، بچی کے جسم پر خروش اورتشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔ جبکہ ڈی این اے اور دیگر ٹیسٹ کیلیے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ بچی نے بھی اپنے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ 2 نامعلوم افراد نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کا مقدمہ، بوٹ بیسن تھانے میں درج کر لیا گیا، مقدمہ 2 نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ متاثرہ بچی کا تعلق شکارپور سے ہے، متاثرہ بچی اپنی والدہ اور دیگر بہن بھائیوں کے ہمراہ کراچی منتقل ہوئی تھی اور کلفٹن شاہ رسول کالونی میں فٹ پاتھ پر رہ رہی تھی، بچی کے والد کا انتقال ہو چکا ہے۔
جبکہ واقعے کا علم ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور بچی سمیت دیگر فیملی افراد کو حفاظتی تحویل میں لیا جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ اس طرح کے واقعات ہرگز ناقابل قبول ہیں اور معاف بھی نہیں کیا جا سکتا اس لیے میں ملزمان کو فوری طور پر سلاخوں کے پیچھے چاہتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں