کراچی میں برقعہ پہنے شخص کا جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں پر چھریوں سے حملہ

حملہ آور ایک لیڈی ڈاکٹر کو نشانہ بنانا چاہتا تھا جس کو بچانے کی کوشش میں 2 ڈاکٹر زخمی ہوگئے‘ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے سنگین دفعات کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرلیا

کراچی ( کرائم ڈیسک) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں برقعہ پہنے ایک شخص نے جناح ہسپتال کے 2 ڈاکٹروں کو چھریوں سے حملہ کرکے زخمی کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے قائد کے بڑے سرکاری طبی ادارے جناح ہسپتال میں ایک شخص نے چھریوں کے وار کرکے 2 ڈاکٹروں کو زخمی کر ديا ، حملہ آور نے واردات کے وقت برقعہ پہنا ہوا تھا اور وہ چھری کے وار سے ایک لیڈی ڈاکٹر کو زخمی کرنا چاہتا تھا لیکن وہاں موجود عملے نے اس کو بچالیا اور اس کوشش میں ڈاکٹر معین اور ندیم زخمی ہوگئے ۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس کی شناخت ظہیر کے نام سے ہوئی اور وہ کورنگی کا رہائشی ہے ، ملزم نے ڈاکٹروں پر حملہ کيوں کيا اس حوالے سے تفتيش شروع کردی گئی تاہم حملے کے خلاف عملے نے احتجاج کیا جس کے باعث ایمرجنسی میں مریضوں کا علاج معالجہ شدید متاثر ہوا ۔

بعد ازاں جناح اسپتال میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہے ، شہر قائد میں جناح اسپتال کے وارڈ نمبر3میں ڈاکٹروں پر حملے کے واقعے کا مقدمہ اسپتال کے چیف سیکیورٹی انچارج کی مدعیت میں درج کیا گیا ، صدرپولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے جناح ہسپتال میں خاتون اسسٹنٹ پروفیسر کو ہراساں کرنے کا معاملہ بھی سامنے آ چکا ہے ، جناح ہسپتال کی ڈاکٹر نازش بٹ کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ انہیں کئی مہینوں سے لسانی بنیادوں پر ہراساں کیا جا رہا ہے ، کئی مہینوں سے واٹس ایپ اور فیس بک پر ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ جبکہ جناح اسپتال ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول کا کہنا ہے کہ ابھی تک جناح اسپتال انتظامیہ کو کوئی باضابطہ شکایت نہیں ملی ، خبر نشر ہونے بعد معاملہ سب کے سامنے آیا ہے اور اب اس کو دیکھا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں