اسلام آباد ایئرپورٹ آنے والی گاڑی سے اسلحہ برآمد

گاڑی سے ایک تیس بور پستول،20 گولیاں اورتین میگزین برآمد کی گئیں ہیں۔ اے ایس ایف

اسلام آباد (کرائم ڈیسک) : ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی حدود میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشبتہ کار کی تلاشی لی۔ تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں نے کارروائی کی جس میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف اہلکاروں نے ائیر پورٹ کے داخلی دروازے پر چیکنگ کے دوران گاڑی سے اسلحہ برآمد کیا۔اے ایس ایف کے مطابق گاڑی سے ایک تیس بور پستول،20 گولیاں اورتین میگزین برآمد کی گئیں ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، اے ایس ایف نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آنے والے ایک شخص سے پستول برآمد ہوا تھا۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر سکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی تو اس کے پاس سے 30 بور پستول اور 4 گولیاں برآمد ہوئیں۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت غازی امان اللہ کے نام سے ہوئی۔
ائیرپورٹ اہلکاروں نے مزید تحقیقات کے لیے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب ائیرپورٹس پر فول پروف سکیورٹی ہونے کے باوجود اسلحہ ائیرپورٹ کے اندر جانے کے واقعات نے شہریوں کی تشویش میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں کیونکہ سکیورٹی کے باوجود ائیرپورٹ پر اسلحہ لے جائے جانے کے واقعات نے شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق کر دئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں