انسٹاگرام پر دوستی، آشنا نے لاہور سے زہر بھیجا اور خاتون نے کراچی میں شوہر کو پلا دیا

انسٹاگرام پر دوستی ہوئی آشنا نے لاہور سے زہر کوریئر کرایا اور خاتون نے کراچی میں شوہر کو پلا کر قتل کردیا۔
ایس ایس پی الطاف حسین نے کہا ہے کہ گلشن اقبال میں جوس میں زہر ڈال کر شوہر کو پلانے کے مقدمے میں خاتون اور آشنا کو گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی(کرائم ڈیسک) گلشن اقبال تھانے میں مقتول کے والد رضوان کی مدعیت میں مقدمہ درج کردیا گیا جس کے مطابق 27 جون کو یوشاہ اپنی اہلیہ ارینا جنت کے ہمراہ گلشن اقبال کے جوس سینٹر میں جوس پینے کے لیے گئے تھے، جوس پینے کے بعد یوشاہ کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، یوشا کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہیں ہو سکا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کے مطابق مدعی رضوان نے ایف آئی آر میں بیٹے کو زہر دے کر قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا تھا، دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے، یوشاہ کی بیوی ارینا جنت کی لاہور کے رہائشی سلمان سے عرصہ ڈیڑھ سال پہلے انسٹاگرام پر دوستی ہوئی تھی، دوستی آہستہ آہستہ عشق میں تبدیل ہوگئی، دونوں نے یکجا ہونے کے لئے یوشاہ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس کے مطابق ملزم نے لاہور سے بذریعہ کوریئر سروس چاکلیٹ اور ایک عدد لیڈیز سینڈل ملزمہ کو کراچی بھجوائی، ملزم نے محبوبہ کو گفٹ کیے گئے سینڈل کی ہیل کے اندر phosphine زہر چھپا کر بھیجا۔
ایس ایس پی الطاف حسین نے بتایا کہ وقوعہ کے روز متوفی یوشاہ کی بیوی چالاکی سے اپنے شوہر کو فریش جوس پلانے کے بہانے گلشن اقبال میں واقع گرینو جوس سینٹر لے گئی، دھوکہ سے اس کے جوس میں آشنا کا بھیجا گیا زہر ملا دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
تفتیش کے دوران تمام شواہد جمع کیے گئے، پولیس نے ملزم سلمان اور متوفی کی بیوی ارینا جنت کو گرفتار کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں