دوسری شادی کی دھمکی دینے پر بیوی بپھر گئی

مار مار کر شوہر کی پسلیاں توڑ ڈالیں، بیوی کے تشدد کا نشانہ بننے والا شخص تشویش ناک حالت میں آئی سی یو منتقل

بہاولنگر (کرائم ڈیسک) دوسری شادی کی دھمکی دینے پر بیوی بپھر گئی، مار مار کر شوہر کی پسلیاں توڑ ڈالیں، بیوی کے تشدد کا نشانہ بننے والا شخص تشویش ناک حالت میں آئی سی یو منتقل۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر میں شوہر نے دوسری شادی کی دھمکی دی تو بیوی آپے سے باہر ہوگئی اور مار مار اپنے شوہر کی پسلیاں توڑ دیں۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دونوں میاں بیوی کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی اور ان کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا۔
جھگڑے کے دوران خاتون نے خاوند کے چہرے اور سر پر بھی وار کیے اور اسے شدید زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق بیوی کے تشدد کا نشانہ بننے والے شخص کو جب زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تو حالت تشویش ناک ہونے کے باعث اسے آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔

پولیس کے مطابق زخمی شخص کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل راولپنڈی میں دوسری شادی کا خواہاں ایک شخص بیوی کے ہاتھوں قتل ہو گیا تھا۔

راولپنڈی میں تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں شوہر کے قتل کے الزام میں بیوی کو پولیس نے گرفتار کیا، ملزمہ کے خلاف مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول دوسری شادی کا خواہشمند تھا جس پر اس کی اہلیہ کو رنج تھا۔ یہ واقعہ راولپنڈی کے علاقے مصر یوٹ میں پیش آیا جہاں پر دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کرنے والے شخص کو بیوی نے گولی مار کر قتل کر دیا۔خاتون شوہر کو قتل کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ روبینہ نے شوہر کو کمرے میں سوتے ہوئے قتل کیا۔ملزمہ نے بارہ بور پسٹل سے شوہر کی گردن پر فائر کیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں