محسن بیگ کی اہلیہ نے پولیس ایف آئی آر کو چیلنج کردیا

اسلام آباد ہائیکورٹ میں صحافی محسن بیگ کی اہلیہ نے پولیس ایف آئی آر کو چیلنج کردیا ہے۔

محسن بیگ کی اہلیہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ محسن بیگ کے خلاف پولیس ایف آئی آر کو کالعدم قرار دیا جائے، سادہ کپڑوں میں کچھ مسلح افراد نے گھر آ کرگارڈز سے جھگڑا کیا اور محسن بیگ لائسنس والا پستول لے کر حفاظت کے مقصد سے گھر کے باہر گئے۔
درخواست میں بتایا گیا کہ سادہ لباس اہلکاروں نے محسن بیگ کو گرفتار کرکے تشدد کیا اور اس واقعے کے بعد سے بیٹا بھی لاپتہ ہے،کچھ پتہ نہیں کہ اس کو کہاں چھپایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ نے صحافی محسن بیگ کو بروز بدھ 16 فروری اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔ گرفتار صحافی کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
صحافی محسن بیگ کو ان کی رہائش گاہ سے پولیس کے ہمراہ گرفتار کرکے تھانہ مارگلہ منتقل کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق صحافی کی جانب سے گرفتاری کے دوران ٹیم پر براہ راست فائرنگ بھی کی گئی۔ ایک گھنٹے کی مزاحمت کے بعد ایف آئی اے اہل کار محسن بيگ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ حکام کے مطابق مذکورہ صحافی کے خلاف وفاقی وزیر مراد سعید کی درخواست پر کارروائی کی گئی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گرفتار صحافی محسن بیگ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے صحافی کی استدعا پر میڈیکل چیک اپ کرانے کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں