راولپنڈی میں معصوم بچی کے قتل کی لرزہ خیز واردات

شک کی بنیاد پر ٹیوشن ختم کروانے پر سپارہ پڑھانے والے استاد نے 13 سالہ بچی کو ذبح کر ڈالا

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) راولپنڈی میں معصوم بچی کے قتل کی لرزہ خیز واردات، شک کی بنیاد پر ٹیوشن ختم کروانے پر سپارہ پڑھانے والے استاد نے 13 سالہ بچی کو ذبح کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں استاد کی جانب سے 13 سالہ بچی کو غصے میں آ کر قتل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں پیش آئے خوفناک واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم مقتولہ بچی کو سپارہ پڑھانے کیلئے اس کے گھر جایا کرتا تھا، تاہم کچھ عرصہ قبل بچی کے والدین نے شک کی بنیاد پر ملزم کو پڑھانے کیلئے گھر آنے سے روک دیا۔ پیر کے روز مقتولہ بچی جب ٹیوشن کیلئے اپنے سینٹر پہنچی تو ملزم بھی وہاں پہنچ گیا اور ٹیوشن سینٹر میں ہی معصوم بچی کو تیز دھار آلے سے ذبح کر ڈالا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پہنچ کر شواہد جمع کیے اور بچی کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی، جبکہ ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اسے بچی کے والدین کے شک کیے جانے پر غصہ تھا، اور اسی وجہ سے اس نے بچی کو قتل کر ڈالا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید اور ہر زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں