خواتین کی ذاتی حفاظت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کا دنیا میں پہلا نمبر

جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے سروے میں ‘ویمنز پرسیپشن آف کمیونٹی سیفٹی’ کے چارٹ میں متحدہ عرب امارات سرفہرست ہے ، سروے میں 170 ممالک کی خواتین کو شامل کیا گیا

ابو ظہبی (انٹرنیشنل ڈیسک ) ایک حالیہ سروے میں خواتین کی ذاتی حفاظت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کو دنیا میں پہلا نمبر دیا گیا ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے سروے میں ‘ویمنز پرسیپشن آف کمیونٹی سیفٹی’ کے چارٹ میں متحدہ عرب امارات سرفہرست ہے ، وومن، پیس اینڈ سیکیورٹی انڈیکس سروے میں 170 ممالک کی خواتین کو شامل کیا گیا ، جس میں خواتین کی شمولیت کو انصاف اور سلامتی کی پیمائش کرنے کے لیے تسلیم شدہ ڈیٹا کے ذرائع کے مطابق یقینی بنایا گیا۔
سروے میں 98اعشاریہ 5 فیصد خواتین کا کہنا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے جس بھی شہر یا علاقے میں جہاں رہتی ہیں، رات کو اکیلے چلنے میں محفوظ محسوس کرتی ہیں ، خواتین کی ذاتی حفاظت ان سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے جو لوگ متحدہ عرب امارات سے محبت کرتے ہیں۔

دوسری طرف عرب قوم کے نوجوانوں نے مسلسل دسویں برس بھی دنیا میں متحدہ عرب امارات کو اپنے رہنے کیلئے سب سے زیادہ پسندیدہ ملک قرار دیا ہے اور اسے اپنی قوم کی طرح بہت زیادہ چاہنے کا اظہار کیا ہے ، رواں سال کا یہ سروے عالمی تحقیق و جائزہ کی کمپنی پی ایس بی ان سائٹ کی جانب سے کیا گیا جس میں 17 عرب ممالک کے 50 شہروں میں 18 سے 24 برس عمر کے34سو نوجوانوں کی رائے شامل کی گئی ۔

مذکورہ سروے نتائج کے مطابق تقریبا نصف عرب نوجوانوں (47فیصد )نے رہنے کیلئے متحدہ عرب امارات کو پسندیدہ ترین ملک قرار دیا ، یہ رائے اس سروے میں دوسرے نمبر پر آنے والے ملک امریکا کے بارے میں 28 فیصد کی شرح سے تقریبا دگنا زیادہ ہے ، سروے میں 12 فیصد نے کینیڈا اور جرمنی کو جبکہ11 فیصد نے فرانس کو پسند کیا، سروے میں تقریبا ایک تہائی عرب نوجوانوں( 28 فیصد نے)متحدہ عرب امارات میں موجود وسیع مواقع اور اس کی ترقی کرتی معیشت کو اپنی پسند کی وجہ قرار دیا جب کہ امارات کے صاف ماحول، حفاظت و سلامتی، فراخدلانہ تنخواہ کے پیکجز بھی اس کی نمایاں خصوصیات کے طور پر سامنے آئیں۔
بی سی ڈبلیو کے مینا ریجن کے صدر سنیل جان نے کہا کہ سروے کے نتائج ، متحدہ عرب امارات کی شان کو بڑھاتے ہیں ، یہ ملک رواں سال اپنے قیام کی پچاس سالہ تقریبات منارہا ہے اور آئندہ کے 50 سال کو بھی خوش حال اور کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ19 کی عالمی وبا کے چیلنجز کے باوجود اس کی قیادت کی فعال اور متحرک کاوشوں کی بدولت ایکسپو 2020 دبئی منعقد ہورہی ہے، اماراتی نوجوانوں کو قومی اقتصادی ویژن پر جو بھرپور اعتماد ہے وہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں