مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاری

حکومت نے نیپرا سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1 روپے 39 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست کردی ، 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ذرائع

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) حکومت نے مہنگائی سے پریشان حال عوام کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاری کرلی ، نیپرا سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1 روپے 39 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے نیپرا کو درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 1 روپے 39 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی درخواست کی گئی ہے ، اضافے کی درخواست کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے کی گئی ہے ، حکومتی درخواست پر نیپرا نے متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
ایکسپریس نیوز ذرائع کے مطابق بنیادی ٹیرف میں اضافے سے صارفین پر مستقل بوجھ پڑے گا ، اس معاملے پر نیپرا 2 نومبر کو سماعت کرے گی ، ٹیرف میں اضافے سے صارفین پر کتنا اضافی بوجھ پڑے گا اس حوالے سے سماعت میں جائزہ لیا جائے گا تاہم 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

دوسری طرف وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بجلی کے مہنگے معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ، سابق ادوار میں بجلی کے مہنگے معاہدے کیے گئے ، ہماری 42 فیصد بجلی امپورٹڈ تیل پر بنتی ہے، اب ہمیں گیس بھی باہر سے منگوانی پڑتی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10ارب ڈالر گزشتہ سال قرضے کی مد میں ادا کیے، 2008 سے 2018 تک 23 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک بھی تعیناتی ایسی نہیں کی جو میرٹ سے ہٹ کر ہو، ادارے جلد اپنے پاوں پر کھڑے ہوں گے ، ادارے اوپر جائیں گے تو ادارے کے لوگ خوشحال ہوں گے ، امید ہے تمام ورکر محنت سے اپنا کام جاری رکھیں گے ، کورونا کے بعد عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ ہوا، تنخواہوں میں اس طرح اضافہ نہیں ہوا جس طرح مہنگائی ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں