پنجاب حکومت نے ڈینگی کے خاتمے کیلئے سرد موسم سے امید لگالی

ڈینگی ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے‘ امید ہے موسم سرد ہوتے ہی ڈینگی مچھر ختم ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی گفتگو
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت نے ڈینگی کے خاتمے کیلئے سرد موسم سے امید لگالی ، ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں کہ امید ہے موسم سرد ہوتے ہی ڈینگی مچھر ختم ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ڈینگی ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے ، دوسری بار ڈینگی سے متاثر ہونے پر مرض کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے ، جس کے تدارک کیلئے اسپرے اور دیگر اقدامات کر رہے ہیں ، خواجہ سلمان رفیق نے تو شاید ڈینگی پر پی ایچ ڈی کر رکھی ہے جیسے وہ تجاویز دے رہے ہیں ، کورونا صورتحال میں بہتری پر خواجہ سلمان رفیق نے کبھی اپنا موقف نہیں دیا ، خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی پر جو پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے اس کے کاغذات مجھے بھیج دیں دیکھ لوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیر کے روز سے کورونا ویکسی نیشن لگانے کیلئے ریچ ایوری ڈور مہم شروع کی ہے ، 4 دنوں میں مہم کے تحت 25 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے ، مہم کے تحت 12 سال کے عمر کے بچوں کو بھی ویکسی نیشن لگائی جائے گی ، کم ازکم ڈیڑھ کروڑ سے 2 کروڑ افراد تک ویکسی نیشن کا ہدف ہے ، کورونا ویکسی نیشن کیلئے گھر گھر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں ، عوام ویکسی نیشن ممکن بنائیں ہم سے تعاون کریں۔
وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا کہ روس میں کورونا وائرس کی ایک نئی لہر شروع ہوگئی ہے ، اس لیے ماسک پہننا اب بھی بہت ضروری ہے ، کیوں کہ ویکسی نیشن کرانے کا مطلب ہرگز نہیں کہ مکمل طور پر آپ محفوظ ہوگئے، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سماجی فیصلہ برقرار رکھیں۔ واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری ہیں ، پنجاب میں 24 گھنٹوں میں ڈینگی سے 4 افراد انتقال کرگئے ، جس سے صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی ہے ، گزشتہ روز ڈینگی سے انتقال کرنے والوں میں سے 3 افراد کا تعلق لاہور اورایک کا گوجرانوالہ سے ہے ، صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 2336 مریض داخل ہیں جن میں سے لاہور کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد 1461 ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں