کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث ٹرینوں کا نظام درہم برہم،

کئی معطل،چلنے والی گھنٹوں تاخیر کا شکار

لاہور(بیورو رپورٹ) کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث ریلوے کا ٹرین آپریشن بری طرح متاثر ہے ، مسلسل دوسرے روز کئی ٹرینیں منسوخ ہونے سے ادارے کو لاکھوں روپے نقصان اٹھانا پڑا۔بتایا گیاہے کہ صوبوں کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کی آمد اورروانگی میں گیارہ گھنٹے تک کی غیر معمولی تاخیر ہورہی ہے جس کے باعث ریلوے کو مسافروںکو شدید مشکلات کا سامناہے ۔
اس کے ساتھ ریلوے کو ڈیزل کی مد میں بھی اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث خیبرمیل 8گھنٹے،بزنس ایکسپریس 2گھنٹے ،سرسید ایکسپریس 8گھنٹے،عوام ایکسپریس 11 گھنٹے ،کراچی ایکسپریس 2گھنٹے، ہزارہ ایکسپریس 6گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 3 گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس گیارہ گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز کے دوران 10مسافر ٹرینیں منسوخ کرنے پر 49 لاکھ روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑا جبکہ گزشتہ روزبھی ٹرینیں معطل ہونے سے لاکھوںروپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

ریلوے ترجمان کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے پشاور، راولپنڈی سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال، کندیاں، سرگودھا، سانگلہ ہل، شیخوپورہ، لاہور روانہ کیا ۔ریلوے نے سبک خرام ،اسلام آباد ایکسپریس اورراول ایکسپریس کودونوں اطراف سے معطل کر دیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس کوپشاور اور لاہور کے درمیان ، پشاور سے کراچی جانے والی خیبرمیل کوپشاور اور لاہور کے درمیان ،گرین لائن کوراولپنڈی اور لاہور کے درمیان جبکہ تیزگام ایکسپریس کو راولپنڈی اور لاہور کے درمیان معطل کر دیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق پاکستان ریلوے کے سسٹم پر چلنے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے اپنے معمول اور روٹ کے مطابق چل رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں