پاکستان کا گوادر سے تاشقند تک ریل سروس شروع کرنے کا فیصلہ

تاشقند (میڈیا ڈسک) پاکستان نے گوادر سے تاشقند تک ریل سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے تاشقند تک ٹرکس سروس بھی شروع کریں گے، افغانستان میں امن ہونے سے پاکستان وسطی ایشیا سے لنک ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تاشقند میں وسطی و جنوبی ایشیائی کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں ریجنل روابط کی بہتری کا خواہاں ہے، افغانستان میں امن ہونے سے ہم وسطی ایشیا سے لنک ہو جائیں گے، افغانستان میں امن کیلئے عمران خان کی کوششیں جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں معاشی سرگرمیوں اور علاقائی روابط پر بات کی گئی۔
جبکہ تاشقند سے گوادر تک ٹرین سروس شروع کرنا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کراچی سے تاشقند تک ٹرکس کو رسائی حاصل ہو۔

فواد چودھری نے کہا کہ کانفرنس میں 60 سے زیادہ ممالک کے سربراہان، نمائندوں اور 22 وزراءخارجہ نے شرکت کی۔ کانفرنس میں معاشی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔ کانفرنس کا مقصد ریجنل روابط کو بڑھانا ہے۔ مزید برآں پاکستان اور ازبکستان نے کابل کے راستے مزار شریف سے پشاور تک 573 کلومیٹرطویل ریلوے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیئے ہیں اس منصوبے پر ایک تخمینے کے مطابق 5 ارب ڈالرخرچ آئیں گے مزار شریف افغان ‘ازبک سرحد سے متصل شہر ہے جہاں سے تاشقند کا زمینی فاصلہ 469 کلومیٹر ہے۔

ازبک ریلولے نظام سے اس نئے منصوبے سے منسلک ہونے کے بعد پاکستان کی رسائی وسطی ایشیا، روس اور مشرقی یورپ کے ممالک تک ہوجائے گی اس منصوبے میں پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے علاوہ ممکنہ طور پرروس اور چین سمیت وسط ایشیا کے کئی ممالک شامل ہونے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں