پاکستان کی فضائی حدود میں ایمرجنسی نافذ، تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل

اسلام آباد : ( نیوز ڈیسک ) بھارت کی جانب سے پاکستان کی ایئربیسز پر میزائل حملوں کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ایک مرتبہ پھر ملک بھر کی فضائی حدود میں فضائی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود آج دوپہر 12 بجے تک بند رہے گی، جس کا باقاعدہ طور پر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نوٹم جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ہنگامی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ بھارت نے طیاروں سے پاکستان میں3 ایئر بیسز پر میزائل داغے ہیں، نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا گیا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے نورخان ایئربیس چکلالہ کے قریب حملے کی کوشش ناکام بنادی، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں، انہوں نے دشمن کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی جارحیت اور طاقت سے مرعوب ہونیوالے نہیں ہیں۔