تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 11 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے؛ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کے باعث پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک بھارت جنگی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے اتوار 11 مئی تک بند کردیئے گئے ہیں، اس حوالے سے وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تمام تعلیمی ادارے 2 دن کے لیے بند رہیں گے، موجودہ حالات کے پیش نظر تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چھٹیوں کے احکامات تمام سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے لیے ہیں، 12 مئی پروز پیر سے صوبے میں تدریسی عمل کا دوبارہ آغاز ہوگا۔
علاوہ ازیں پنجاب میں محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122کی فرضی مشقیں شروع کردی گئی ہیں، محکمہ شہری دفاع کو پوری طرح فعال اور مشقوں کا آغاز کردیا گیا ہے، پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال، سرگودھا نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، ساہیوال، پاکپتن، ملتان، خانیوال، مظفرگڑھ، لیہ، وہاڑی، حافظ آباد اور دیگر شہروں میں محکمہ شہری دفاع کی فرضی مشقیں جاری ہیں۔