پنجاب میں تمام ضلعی و صوبائی مانیٹرنگ اداروں میں ایمرجنسی نافذ ہے، ڈاکٹرز، نرسزاور پیر امیڈیکل سٹاف کو ہسپتالوں میں رہنے کی ہدایت کردی گئی
اسلام آباد/لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان اور بھارت کی جاری کشیدگی کے باعث صوبہ پنجاب اور اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پمز، پولی کلینک سمیت تمام ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، شہر سے باہرطبی عملے کو فوری واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، ڈاکٹرز، نرسزاور پیر امیڈیکل سٹاف کو ہسپتالوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ پنجاب میں تمام ضلعی و صوبائی مانیٹرنگ اداروں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ پنجاب میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صوبے میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے، پنجاب کی سرزمین غازیوں اور شہداء کی امین ہے اور اس سرزمین پر آج رات بہنے والا معصوموں کا خون ہم پر قرض ہے، پوری قوم پاکستان پر مسلط کی گئی اس جنگ میں پاک فوج کےساتھ کھڑی ہے، انتظامیہ کو فوری طور پر ایمرجنسی رسپانس کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں، کامیابی ان شاءاللہ ہمارا مقدر ہوگی۔
بتایا جارہا ہے کہ بھارت نے 6 مقامات پر میزائل حملے کیے جس کے فوری بعد پاکستان نے جوابی کارروائی شروع کردی جس میں 5 طیارے مار گرائے، جن میں 3 رافیل بھی شامل ہیں اور بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا، پاکستانی افواج زمینی اور فضائی طور پر دشمن کو بھرپور نقصان پہنچا رہی ہیں، اس دوران بھارتی فوج کا 6 مہار بٹالین ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا گیا، بھارتی 6 مہار یونٹ آزاد کشمیر کی وادی لیپا کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں ہے۔