ابدالی میزائل کی رینج 450کلو میٹر ہے،ابدائی میزائل زمین سے زمین تک مار سکتا ہے ، یہ تجربہ مشق “انڈس” کے حصے کے طور پر کیا گیا جس کا مقصد افواج کی عملی تیاری کو جانچنا تھا،آئی ایس پی آر
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا،ابدالی میزائل کی رینج 450کلو میٹر ہے،ابدائی میزائل زمین سے زمین تک مار سکتا ہے ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے آج کامیابی کے ساتھ ابدالی ویپن سسٹم کا تربیتی تجربہ کیا ہے،ترجمان پاک فوج کے مطابق تربیتی تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن اور آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ یہ تجربہ مشق “انڈس” کے حصے کے طور پر کیا گیا جس کا مقصد افواج کی عملی تیاری کو جانچنا اور میزائل کے اہم تکنیکی پہلووں، بشمول جدید نیویگیشن سسٹم اور بہتر سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔
پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی عملی تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی سلامتی کے تحفظ اور موثر دفاعی صلاحیت کے حامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ میزائل کے تجربے کا مقصد آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام مسلح افواج کے سربراہان نے تجربے میں حصہ لینے والے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی۔