ایسیکس اپنا پہلا میچ 30 مئی کو ہیمپشائر ہاکس کے خلاف کھیلے گی
اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر کو ایک بار پھر انگلش کاؤنٹ ایسیکس نے اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا، وہ رواں سال بلاسٹ ٹی 20 میں کاؤنٹی کی نمائندگی کرینگے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق محمد عامر ایک بار پھر ایسیکس کاؤنٹی کے اسکواڈ کا حصہ بن گئے، قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر بلاسٹ ٹی 20 میں ایسیکس کی نمائندگی کریں گے۔
قومی ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر 2017ء سے 2019ء تک تین سیزن ایسیکس کیلئے کھیل چکے ہیں، عامر نے ایسیکس کی جانب سے 21 میچز میں 24 وکٹیں حاصل کیں، 2019ء میں عامر کی کارکردگی کے دوران ایسیکس نے ٹی 20 بلاسٹ اور کاؤنٹی چیمپئن شپ جیتی تھی۔
اپنے مجموعی T20 کیریئر میں عامر نے دنیا بھر میں 322 میچوں میں 371 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے 36 ٹیسٹ میچز، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور ٹی ٹونٹی میں 21.94 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کی ہیں۔حال ہی میں پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے عامر نے 6 میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور ایسیکس میں دوبارہ شامل ہونے پر اپنے جوش کا اظہار کیا۔
محمد عامر کا کہنا ہے کہ ایسیکس میرے لیے گھر جیسا ہے، شائقین کا پیار ہمیشہ یاد رہے گا۔ ایسیکس کے ڈائریکٹر کرکٹ کرس سلور ووڈ نے محمد عامر کو اسکواڈ میں شامل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق محمد عامر ٹی 20 بلاسٹ کے گروپ مرحلے میں مکمل دستیاب ہوں گے جبکہ ممکنہ طور پر ناک آؤٹ مرحلہ بھی کھیلیں گے۔