پاکستان میں ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا افتتاح کر دیا گیا
کراچی( نیوز ڈیسک ) عید الاضحٰی کے استقبال کی تیاریاں شروع، پاکستان میں ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا افتتاح کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضی وہاب نے ہفتہ کے روز ڈپٹی میئر سلمان مراد کے ہمراہ کراچی میں ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کی اس سب سے بڑی مویشی منڈی میں ہر سال لاکھوں جانور آتے ہیں، کراچی والے ہزاروں کی تعداد میں نادرن بائی پاس کی اس منڈی سے جانور خریدتے ہیں، دعا ہے اللہ قربانی قبول فرمائے اور بیوپاریوں کے روزگار میں برکت دے۔
سیکیورٹی کے مسائل حل کریں گے اور صفائی، خریداروں اور بیوپاریوں کا خیال رکھیں گے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مویشی منڈی کے سبب کراچی میں رونق آتی ہے، کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، پاکستان بھر کے بیوپاری کراچی کی منڈی کا رخ کرتے ہیں تاکہ اچھا منافع کما سکیں۔
دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا بھر کے بیشتر اسلامی ممالک میں عید الاضحٰی کی ممکنہ تاریخ سے متعلق بھی پیشن گوئی کر دی گئی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق رواں سال عید الاضحیٰ 7 جون 2025 بروز ہفتے کو ہونے کی پیش گوئی ہے۔ ان تاریخوں کے مطابق پاکستانی 7 جون ہفتے سے 9 جون پیر تک عید الاضحیٰ منائیں گے۔ متحدہ عرب امارات میں فلکیاتی پیش گوئیوں کے مطابق عید الاضحیٰ 6 جون بروز جمعہ کو ہونے کی توقع ہے۔ ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی نے تصدیق کی ہے کہ ذی الحجہ کے آغاز کا ہلال کا چاند 27 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے جس سے 28 مئی کو اسلامی مہینے کا پہلا دن ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سمیت کئی اسلامی ممالک میں 6 جون بروز جمعہ کو عید الاضحٰی ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں عید الاضحٰی 7 جون کو منائی جائے گی۔