ماہانہ و سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے نیپرا کو درخواست جمع کرادی گئی، سماعت 29 اپریل کو ہوگی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ماہانہ و سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں بجلی کی قیمت میں مارچ کی ماہانہ اور مالی سال 2024/25ء کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کمی متوقع ہے، اس حوالے سے سی پی پی اے (سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) کی جانب سے نیپرا کو درخواست جمع کرادی گئی، جس کے تحت مارچ کی ماہانہ ایندھن ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 3 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، اسی طرح سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ ایک روپے سے زائد کمی ہوسکتی ہے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مارچ کے دوران 8 ارب 40 کروڑ 90 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جس کی اوسط لاگت 9.22 روپے فی یونٹ رہی، مارچ کے لیے ریفرنس لاگت 9.25 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی، سی پی پی اے کی جانب سے دائر کردہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت شہریوں کو مجموعی طور پر 51 ارب 49 کروڑ روپے کا ریلیف ملنے کا امکان ہے، درخواست میں کیپیسٹی چارجز کی مد میں 47 ارب 12 کروڑ 40 لاکھ روپے کی کمی کی سفارش بھی کردی گئی، اس درخواست پر نیپرا میں سماعت 29 اپریل کو ہوگی۔
دوسری طرف وفاقی حکومت نےشہریوں پر ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ پیٹرولیم لیوی کا بوجھ منتقل کر دیا، پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کا اطلاق آج سے ہوگا، حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر 70 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی تھی تاہم نوٹیفکیشن کے بعد پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 78 روپے 2 پیسے فی لیٹر کر دی گئی، ہائی سپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 77 روپے ایک پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 8 روپے 2 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 7 روپے ایک پیسے فی لیٹر بڑھادی گئی، وفاقی حکومت نےپیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے سے زیادہ لیوی لگانےکے لیے قانون تبدیل کر دیا، صرف ایک ماہ کے دوران پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 18 روپے 2 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، ایک ماہ میں ہائی سپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 17 روپے ایک پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی، اس سے پہلے وفاقی حکومت کے پاس پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے تک فی لیٹر لیوی لگانے کا اختیار تھا۔
اسی طرح مٹی کے تیل، لائٹ ڈیزل آئل اور ہائی آکٹین بلینڈنگ کمپوننٹ (ایچ او بی سی) پر بھی پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کیا گیا ہے، مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی 7 روپے 99 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی ہے، مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی18 روپے95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، لائٹ ڈیزل آئل پر پیٹرولیم لیوی میں7 روپے 62 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل آئل پر پیٹرولیم لیوی 15 روپے37 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے، ایچ او بی سی پر پیٹرولیم لیوی 8 روپے 2 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی، جس کے بعد ایچ او بی سی پر پٹرولیم لیوی 78 روپے 2 پیسے فی لیٹر کردی گئی۔