اپریل کے پہلے ہفتے کے اختتام پر ہی سورج نے آگ برسانا شروع کر دی

ہیٹ ویوو الرٹ جاری کر دیا گیا، وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اپریل کے پہلے ہفتے کے اختتام پر ہی سورج نے آگ برسانا شروع کر دی، ہیٹ ویوو الرٹ جاری کر دیا گیا، وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران قدرے خوشگوار رہنے والا موسم ماہ مبارک کے اختتام کے بعد اچانک ہی بدل گیا۔
اپریل کے پہلے ہفتے کے اختتام پر ہی ملک کے کئی علاقوں میں گرمی کی غیر معمولی شدت محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے بھی ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد، خیرپور، جامشورو، حیدرآباد، مٹیاری اور سانگھڑ کے اضلاع ہیٹ ویوو سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، ان اضلاع میں گرمی کی غیر معمولی شدت محسوس کی جائے گی۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
جبکہ ہیٹ ویوو کے بعد ملک میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 8 اپریل سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔ 8 سے 11 اپریل کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ سمیت ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، باجوڑ اور گلگت بلتستان میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔اسی طرح خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی اور شمال مشرقی پنجاب میں بھی بارشیں ہو سکتی ہیں۔خیبرپختونخوا، پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔