ہنڈریڈ انڈیکس 6 ہزار 287 پوائنٹس نیچے آنے اور شدید مندی کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی
کراچی ( نیوز ڈیسک ) ملک میں عید الفطر کے بعد شروع ہونے والے کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز پاکستان سٹاک مارکیٹ کریش کرگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے کو ملی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی، سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 6 ہزار 287 پوائنٹس یعنی 5.29 فیصد نیچے آنے کے بعد مارکیٹ بند ہوگئی، 100 انڈیکس میں 6 ہزار پوائنٹس سے زائد کمی کے بعد مارکیٹ ایک لاکھ 12 ہزار 504 پوائنٹس پر بند ہوئی۔
بتایا جارہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جارحانہ فیصلوں کے باعث بین الاقوامی سٹاک مارکیٹس بھی شدید مندی کا شکار ہیں جہاں پہلے امریکہ اور یورپ کے بعد اب ایشیائی بازار بھی مندی کی لپیٹ میں آچکے ہیں، جس کے نتیجے میں جاپان کے نکی 225 انڈیکس میں 6 فیصد سے زائد گراوٹ دیکھی گئی، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 10 اعشاریہ 8، چین کا شنگھائی انڈیکس 6 اعشاریہ 3، کوریا کا کوسپی 4 اعشاریہ 6، بھارت کا بی ایس ای سینسیکس 4 اعشاریہ 1 فیصد کم ہوگیا۔
اس معاملے پر میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کے مستقبل سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا، تاہم جان بوجھ کر اسٹاک مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ پیدا نہیں کیا، امریکہ کی گزشتہ نااہل قیادت کو دنیا نے بری طرح استعمال کیا، ٹیرف دوا کے طور پر کام کر کر رہا ہے، کسی چیز کودرست کرنے کیلئے دوا لینا پڑتی ہے، ٹیرف سے اربوں ڈالر امریکہ لارہے ہیں، چین کے ساتھ تجارتی خسارہ حل کیے بغیر مذاکرات نہیں ہو سکتے، ٹیرف کے حوالے سے یورپی اور ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے بات چیت ہوئی ہے۔