ریسکیوایمرجنسی گاڑیاں جائے حادثہ پر موقع پر پہنچ گئی، حادثے میں زخمی ہونے والے 9 بچوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 5 بچوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا
لاہور( نیوز ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سکول وین موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی ،14بچے زخمی ہوگئے،ریسکیوحکام کے مطابق ریسکیوایمرجنسی گاڑیاں جائے حادثہ پر موقع پر پہنچ گئی،ریسکیو اہلکار زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے میں مصروف ہیں،بتایاگیا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 9 بچوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 5 بچوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے ڈارئیور کو حراست میں لے لیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دریں اثناءموٹروے پر تیز رفتار کار اور ٹرک میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک حادثہ موٹروے پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوگیا۔
حادثے میں کار میں سوار دو افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ اس سے قبل مختلف ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے۔ پیرمحل میں سندھیلیانوالی روڈ پر تیز رفتار کار رکشہ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کار سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔ریسکیو حکام کاکہناتھا کہ جاں بحق کی شناخت بلال جبکہ زخمیوں میں اسامہ، مجید، طلحہ شامل ہیں، شدید زخمی ہونے والے اسامہ قمر کو تشویشناک حالت کے باعث لاہور ریفر کر دیا گیا تھا جاں بحق اور زخمی آپس میں قریبی رشتہ دار تھے۔
اسی طرح موٹر وے ایم تھری سمندری پربھی ایک حادثہ پیش آیاتھا جہاں موٹر وے پیدل کراس کرتے میاں بیوی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے تھے۔حکام کا کہنا تھا کہ جاوید موقعہ پر اور بشریٰ ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی تھی۔میاں بیوی چک نمبر440 گ ب کے رہائشی تھے دونوں موٹر وے کراس کر کے ڈیرہ پر جا رہے تھے، نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ فیروز والا میں فیض پور انٹر چینج کے قریب تیز رفتار کار کی ٹرالی کو ٹکر سے دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 26 سالہ سلیم اور 28 سالہ اسماعیل کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں جاں بحق افراد کی نعشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا تھا۔