اوکاڑہ ، کمرے میں آگ لگنے سے 3 کم سن معصوم بہن بھائی جھلس کر جاں بحق

نواحی گاﺅں 31جی ڈی میں بچے کمرے میں سوئے تھے، مچھر سے بچاو کیلئے چارپائی کے قریب اپلے جلا گئے تھے،اپلوں کی آگ نے بستر کی چادر کو اپنی لپیٹ لیا جس کے نتیجے میں تینوں بچوں جھلس گئے، فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا اور بچوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا

اوکاڑہ ( نیوز ڈیسک ) پنجاب کے علاقے اوکاڑہ میں کمرے میں آگ لگنے سے 3معصوم کم سن بہن بھائی جاں بحق ہو گئے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں اور فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا اور بچوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا، تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی گاﺅں 31جی ڈی میں ایک گھر کے کمرے میں آگ اس وقت لگی جب تینوں کم سن بچے ایک ہی چارپائی پر سو رہے تھے اور مچھر سے بچاو کیلئے چارپائی کے قریب اپلے جلا گئے تھے۔
پولیس کے مطابق اپلوں کی آگ نے بستر کی چادر کو اپنی لپیٹ لیا جس کے نتیجے میں تینوں بچوں جھلس گئے۔آگ سے 4 سالہ شیزہ اور 2سالہ قمرموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ تیسرے بچے 7 سالہ عبداللہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگیا۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی بازار سے دوائی لینے گئے تھے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ آگ پر قابو پاکر لاشوں کو ہسپتال پہنچایا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بھائی اور ایک بہن شامل ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اوکاڑہ کے نواحی گاوں میں آتشزدگی سے تین بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ میں گھرمیں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔جاں بحق ہونے والے 3بچے اور 3خواتین شامل تھے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکارموقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔بتایا گیا تھا کہ گھر میں کام کے دوران گیس سلنڈرمیں گیس لیکج سے دھماکہ ہوگیا اور آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیاتھا۔
زخمیوں کو لاہور کے ہسپتال منتقل کیاگیا تھاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں6 سالہ جویریہ، 3سالہ میرب،2 سالہ اویس،27 سالہ امبر، 26 سالہ انسا اور 50 سالہ فہمیدہ شامل تھے۔یاد رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں گھر میں گیس لیکج کے دھماکے میں 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں تھیں۔دھماکے کے باعث 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔
زخمیوں میں میاں بیوی اور دو بچے شامل تھے۔دھماکے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں تھیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیاتھا۔پولیس کے مطابق ہزار گنجی کے علاقے کلی خزاں کے رہائشی ہمایوں خان کے گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا تھاجس کے نتیجے میں ہمایوں خان کی اہلیہ اور 10 سالہ بیٹی بی بی زویا جاں بحق ہوگئے جب کہ ان کا بیٹا رئیس خان زخمی ہوگیا تھا۔دھماکے سے گھر کی چھت گر گئی۔پولیس کاکہناہے کہ زخمی کو سول ہسپتال کے برنس وارڈ میں طبی امداد کے بعد گھر منتقل کردیا گیا تھا۔پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی تھی۔