علامہ اقبال ایکسپریس کوٹری کے ریلوے سٹیشن کے قریب حادثے کا شکار

ٹرین کی آخری بوگی کمپلین ٹوٹنے سے ٹریک سے اتر گئی، تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بوگی پٹڑی سے اترنے کے بعد ڈاون ٹریک متاثر ہوگیا۔ ٹرینوں کو حیدرآباد سٹیشن پر روک لیا گیا

کوٹری ( نیوز ڈیسک ) سندھ کے شہر کوٹری کے ریلوے سٹیشن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی،ٹرین کی آخری بوگی کمپلین ٹوٹنے سے ٹریک سے اتر گئی، تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرین کی آخری بوگی کا کمپلین ٹوٹنے سے وہ پٹڑی سے اتر گئی،پولیس اور ریلوے حکام کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگی پٹڑی سے اترنے کے بعد ڈاون ٹریک متاثر ہوگیا۔
ٹرینوں کو حیدرآباد سٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ بوگی کو ہٹانے اور ٹریک کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے جلد ہی ٹرینوں کی آمدورفت بحال کر دی جائے گی۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی میانوالی سے لاہور آنے والی ٹرین بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی تھی۔
مسافر ٹرین کی اکانومی کلاس کوچ کابفلر ٹوٹ گیا خوش قسمتی سے مسافر ٹرین بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئی تھی۔

واقعہ رات دیر سے پیش آیا، کوچ کو ٹرین سے الگ کردیا گیاتھا۔ایکسپریس نیوز کا ذرائع کے حوالے سے کہنا تھا کہ مسافرٹرین میانوالی سے لاہور آ رہی تھی کہ رات گئے کوچ 12353 کا بفلرکندیاں سٹیشن کے قریب ٹوٹ گیا جس کا پتا چلنے پر کوچ کو ٹرین سے الگ کردیا گیاتھا۔بعدازاں ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس روہڑی اسٹیشن پر حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔
مسافر ٹرین کی ایک بوگی روہڑی سٹیشن پر ٹریک سے اتر گئی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کرین لوکو شیڈ سے روانہ کر دی گئی تھی۔ ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد اپ ٹریک بلاک ہوگئی تھی اور پٹری کو بھی نقصان پہنچا تھا۔واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی تھیں اور ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیاتھا تاکہ ٹرینوں کی روانگی کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔
اپ ٹریک بلاک ہونے کی وجہ سے مختلف ٹرینیں اپنی منزل پر روانہ ہونے سے قاصر ہوگئیں تھیں۔حادثے کے باعث بہاو الدین زکریا ایکسپریس کو بیگماجی اسٹیشن پر روک دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ شاہ حسین ایکسپریس،گرین لائن ایکسپریس، فرید ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنز پر روکا گیا ہے۔قبل ازیں بھی کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو شاہدرہ کے قریب حادثہ پیش آیا تھا۔شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تھیں۔ حادثے کے باعث اپ اینڈ ڈاون ٹریک بند ہو گیاتھا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔لاہور سے فیصل آباد جانیوالی والی ٹرینوں کا شیدول متاثر ہو گیا تھا۔