کم ترین ٹونٹی ٹونٹی اننگز میں 5 سنچریاں، صاحبزادہ فرحان نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا

ایبٹ آباد ریجن کیخلاف صاحبزادہ فرحان نے 72 گیندوں پر 148 رنز بنائے

فیصل آباد ( سپورٹس ڈیسک ) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں پشاور ریجن کے ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کا نیا قومی ریکارڈ بنادیا۔ پشاور کے ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 5 سنچریاں مکمل کرنیوالے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا۔
فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں ایبٹ آباد ریجن کیخلاف صاحبزادہ فرحان نے 72 گیندوں پر 148 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان نے اپنی اننگز میں 12 چھکے اور 10 چوکے لگائے، انہوں نے اپنی سنچری 58 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔
صاحبزادہ فرحان اب 105 ٹونٹی ٹونٹی میچز کی 100 اننگز میں 34.64 کی اوسط اور 136.15 کے سٹرائیک ریٹ سے 3118 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 5 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

وہ کم ترین ٹونٹی ٹونٹی اننگز میں 5 سنچریاں سکور کرنے والے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں ۔
وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان محض 54 اننگز میں 5 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں پہلے، شرجیل خان 136 اننگز میں 5 سنچریاں مکمل کرکے تیسرے، بابر اعظم 167 اننگز میں 5 سنچریاں سکور کرکے چوتھے، احمد شہزاد 208 اننگز میں 5 سنچریاں مار کر پانچویں جب کہ کامران اکمل 231 اننگز میں 5 سنچریوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں ۔
پشاور کی نمائندگی کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے قومی ٹی ٹونٹی کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی بنایا، اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ صاحبزادہ فرحان کے نام ہی تھا، صاحبزادہ فرحان نے پچھلے سیزن میں 12 اننگز میں 492 رنز بنائے تھے۔
صاحبزادہ فرحان نے ایک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا فخر زمان کا قومی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ فخر زمان نے پاکستان سپر لیگ 2022ء کے ایڈیشن میں 13 اننگز کھیل کر 588 رنز بنائے تھے۔