ریلوے نے عید پر کرایوں میں 20 فیصد کمی کردی، نوٹیفکیشن جاری

کرایوں میں کمی تمام میل، ایکسپریس اور انٹر سٹی مسافر ٹرینوں پر لاگو ہوگی، کرایوں میں کمی کا اطلاق عید کے تینوں دنوں کی بکنگ پر ہوگا تاکہ مسافر عید کے موقع پر سستے کرایوں پر سفر کر سکیں؛ ریلوے حکام

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان ریلوے کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کردی گئی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق کرایوں میں کمی تمام میل، ایکسپریس اور انٹر سٹی مسافر ٹرینوں پر لاگو ہوگی، کرایوں میں کمی کا اطلاق عید کے تینوں دنوں کی بکنگ پر ہوگا تاکہ مسافر عید کے موقع پر سستے کرایوں پر سفر کرسکیں، یہ اقدام پاکستان ریلوے کی طرف سے عوامی سہولت کے لیے اٹھایا گیا تاکہ عید کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو مزید آسانی اور سستی سفری سہولت فراہم کی جا سکے، تاہم کرایوں میں کمی کا اطلاق عید سپیشل ٹرینوں پر نہیں ہوگا۔
علاوہ ازیں پاکستان ریلوے نے عید الفطر کے موقع پر 5 سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے شیڈول جاری کردیا ہے، پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹر نے تمام ڈی ایس افسران کو عید ٹرین انتظامات کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کر دی گئیں، شیڈول کے تحت پہلی سپیشل ٹرین 26 مارچ کو کراچی سے لاہور روانہ ہوگی، دوسری ٹرین کوئٹہ سے پشاور کے لیے 26 مارچ کو چلے گی، اسی طرح تیسری ٹرین لاہور سے کراچی 27 مارچ کو روانہ ہوگی جب کہ چوتھی ٹرین کراچی سے راولپنڈی براستہ فیصل آباد سرگودھا 27 مارچ کو چلے گی اور پانچویں سپیشل ٹرین کراچی سے لاہور براستہ فیصل آباد، شیخوپورہ چلائی جائے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر کی آمد میں کم وقت باقی رہ گیا ہے، پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 30 مارچ کو ہوگا، محکمہ موسمیات نے ناصرف عید الفطر کی ممکنہ تاریخ بلکہ شوال کے چاند کی پیدائش سے متعلق بھی پیشن گوئی کی ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ماہ شوال کے چاند کی پیدائش 29 مارچ کو دن 3 بج کر58 منٹ پر ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ 30 مارچ اور 29 رمضان کورویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا تو اجلاس کے وقت چاند کی عمر27 گھنٹے ہوگی، جس کی وجہ سے ماہ شوال کا چاند بآسانی دیکھا جا سکے گا، غروب آفتاب اورغروب قمر کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کا فرق ہے، چاند ایک گھنٹے تک دیکھا جا سکے گا، یعنی 30 مارچ کوچاند نظرآنے کی توقع ہے، یکم شوال 31 مارچ کوہوگی، تاہم ماہ شوال کے چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔