صوبے میں نئے لائسنس کے اجراء اور تجدید کے فیس شیڈول میں بھی تبدیلی کی سفارش کردی گئی
لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب میں اسلحہ لائسنس کی آن لائن تصدیق کیلئے نادرا کو کیو آر کوڈ جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے اسلحہ لائسنس کی تصدیق کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری داخلہ نے نادرا کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تمام اسلحہ لائسنسز کے لیے آن لائن تصدیقی نظام متعارف کرائے اور لائسنس کے ساتھ کیو آر کوڈ لگانے کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے، حکومت نے آرمز رولز میں ترامیم کر کے انفرادی اور بزنس اسلحہ لائسنس کے قوانین کو عام فہم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ لائسنس کے اجرا اور تجدید کے فیس شیڈول میں بھی تبدیلی کی سفارش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر اسلحہ لائسنس کی تصدیق کر سکیں گے، جس سے جعلی لائسنسوں کی بیخ کنی ممکن ہوگی اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کو اسلحہ لائسنس حاصل کرنے سے روکا جا سکے گا، اس سلسلے میں پنجاب کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے تمام احکامات میں کیو آر کوڈ شامل کیا جائے۔
علاوہ ازیں ملک کے مختلف مقامات پر حالیہ چند روز میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملوں کے بعد ملکی حالات کے باعث صوبہ پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ گزشتہ 2 روز میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ملک میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر میں پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور فرضی مشقیں جاری ہیں، گزشتہ 2 روز کے دوران پنجاب بھر میں 791 سرچ اینڈ سویپ آپریشن اور 07 فرضی مشقیں کی گئیں، سرچ آپریشنز کے دوران سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری و عادی مجرم اور مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور ملزمان کے قبضہ سے 3 کلاشنکوف، 30 بندوقیں،21 ہینڈ گنز، سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد کر لی گئیں، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے پنجاب پولیس کی مشقیں جاری رہیں گی۔