تمام سرکاری دفاتر اور ادارے بند ہوں گے، صوبائی حکومت نے نوٹفکیشن بھی جاری کردیا
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت نے پانچ فروری کو صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں 5 فروری کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے صوبائی حکومت نے نوٹفکیشن بھی جاری کردیا، جس کے تحت پانچ فروری کو صوبے میں تمام سرکاری دفاتر اور ادارے بند ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سال 2025ء کیلئے اعلان کردہ 17 عوامی تعطیلات میں 5 فروری کی چھٹی بھی شامل ہے، اس کے علاوہ سندھ حکومت بھی اس دن کو صوبے میں تعطیل کا اعلان کرچکی ہے، سندھ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ (ایس جی اے اینڈ سی ڈی) نے جمعہ کو اس سلسلے میں نوٹی فکیشن بھی جاری کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ 5 فروری کو بدھ کا روز ملک میں یکجہتی کشمیر کے دن کے طور پر منایا جائے گا کیوں کہ 5 یومِ کشمیر فروری کو ہر سال کشمیریوں سے یک جہتی کا دن منایا جاتا ہے، اس موقع پر حکومتی سطح پر ملک بھر میں عام تعطیل کی جاتی ہے، ہر چھوٹے بڑے شہر میں اس حوالے سے ریلیاں نکالی جاتی ہیں، جلسے منعقد کیے جاتے ہیں جن میں شہری بڑی تعداد میں شرکت کر کے کمشیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔
بتاتے چلیں کہ وفاقی حکومت کی طرف سے رواں برس 17 عام تعطیلات ہوں گی، جن میں سے پہلی چھٹی 5 فروری 2025ء کو یوم کشمیر کی عام تعطیل ہوگی، 23 مارچ 2025 کو یوم پاکستان، یکم مئی 2025ء کو یوم مزدور اور 28 مئی 2025ء کو یوم تکبیر کے موقع پر چھٹی ہوگی، اس کے بعد 30 ،31 مارچ اور یکم اپریل 2025ء کو عید الفطر کی 3 چھٹیاں ہوں گی جب کہ 7 سے 9 جون 2025ء کو عیدالاضحی کی 3 تعطیلات متوقع ہیں۔
نوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ 5 اور 6 جولائی 2025ء کو 9 اور 10 محرم الحرام کی چھٹیاں ہوں گی، 14 اگست 2025ء کو یوم آزادی، 5 یا 6 ستمبر 2025ء کو عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے عام تعطیل ہوگی، 9 نومبر 2025ء کو یوم اقبال اور 25 دسمبر 2025ء کو یوم قائداعظم و کرسمس کی عام تعطیل ہوگی، 26 دسمبر 2025ء کو صرف مسیحی ملازمین کے لیے یوم کرسمس کے بعد کی عام تعطیل ہوگی جب کہ سال 2025 کے لیے اسلامی چھٹیاں متوقع تاریخ کے حساب سے طے کی گئی ہیں، چاند کی رویت کے حساب سے چھٹیوں کا الگ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔