حکومت نے ڈی جی ایف آئی اے کو عہدے سے ہٹا دیا، آئی جی خیبرپختونخواہ بھی فارغ

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے منظوری دیئے جانے کے بعد اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیئے گئے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی حکومت نے ڈی جی ایف آئی اے کو عہدے سے ہٹا دیا، اس کے علاوہ آئی جی خیبرپختونخواہ کو بھی تبدیل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹا دیا، انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہٹانے کی باضابطہ منظوری دی، جس کے بعد انہیں ہٹائے جانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، ملک میں انسانی سمگلنگ کے واقعات میں اضافے کے باعث اعلیٰ سطح پر یہ اقدام اٹھایا گیا، یونان میں کشتی حادثے میں پاکستانی تارکین وطن کی اموات کی تحقیقات میں سست رفتاری بھی ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کو عہدے سے ہٹانے کی وجہ بنی، تاہم ان کی جگہ اس عہدے پر نئی تعیناتی سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
بتایا جارہا ہے کہ حکومت کی جانب سے صوبہ خیبرپختونخواہ کے انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات گنڈاپور کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا جب کہ اختر حیات گنڈاپور کی جگہ گریڈ 21 کے ذولفقار حمید کو خیبرپختونخواہ کا نیا آئی جی تعینات کیا گیا ہے جس کا باظابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری ہوچکا ہے، اختر حیات گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔