آج فیصلے نے عدلیہ کی ساکھ کوخراب کردیا ، عمران خان

میری بیوی کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں، میری بیوی گھریلو عورت ہے ، بشریٰ بی بی کو سزا مجھے تکلیف دینے کیلئے دی گئی، کوئی ریلیف نہیں چاہیئے، تمام کیسزکا سامنا کروں گا، بانی پی ٹی آئی کی جیل میں گفتگو

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ آج فیصلے نے عدلیہ کی ساکھ کو خراب کر دیا ہے ،میری بیوی کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں، میری بیوی گھریلو عورت ہے، ،بشریٰ بی بی کو سزا مجھے تکلیف دینے کیلئے دی گئی،راولپنڈی کی اڈالہ جیل میں 190ملین پاﺅنڈ کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی ریلیف نہیں چاہیئے، تمام کیسزکا سامنا کروں گا، چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے پولیس والوں کو پلاٹ دئیے گے۔
آج کے فیصلے نے عدلیہ کی ساکھ کوخراب کردیا اس کیس میں نہ مجھے فائدہ اور نہ حکومت کو نقصان ہوا ہے۔ جو ساتھ ہے وہ آزاد اور مخالف ہے انہیں سزائیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی کوئی ریلیف نہیں مانگا ۔
میرے خلاف القادر ٹرسٹ کیس کا بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ بنایاگیا ہے ۔ میں نے اس سے ایک پائی کا بھی فائدہ نہیں اٹھایاہے ۔یہ لوگ مجھے پریشر میں لانے کیلئے سزا ئیں سنا رہے ہیں لیکن میں ان سزاﺅں سے گھبرانے والے نہیں ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل احتساب عدالت نے 190ملین پاﺅنڈ کا فیصلہ سنا دیاتھا۔عدالت نے عمران خان کو 14 سال او ر ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاو¿نڈ کیس کا فیصلہ جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سنایاتھا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی تھی۔
سزا کا فیصلہ سنانے کے بعد کمرہ عدالت سے بشریٰ بی بی کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیاگیاتھا۔عدالت نے القادر یونیورسٹی کی زمین بھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم بھی دیا تھا ۔ فیصلے کے مطابق جرمانہ نہ دینے پر عمران خان کو مزید 6 ماہ اور بشریٰ بی بی کو 3 ماہ مزید قید بھگتنا ہوگی۔اڈیالہ جیل کے اندر اور باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
امن و عامہ کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے خواتین پولیس اہلکاروں کے علاوہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کئے تھے۔سماعت سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت لایا گیا تھاجبکہ انکی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی عدالت پہنچیں، ان سے قبل نیب پراسیکیوشن ٹیم کے 3 ارکان عرفان احمد، سہیل عارف اور اویس ارشد بھی اڈیالہ جیل پہنچنے جبکہ وکیل صفائی سلمان اکرم راجا اور بشریٰ بی بی کی بیٹی اور داماد بھی عدالت میں موجود تھے۔