قطرایئرویز کی پاکستان آنے اور جانے والی پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں اور ہمارے دفاتر بھی کھلے ہیں؛ انتظامیہ کا بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) قطرایئرویز نے پاکستان میں اپنے دفاتر بند کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔ تفصیلات کے مطابق قطر ایئرویز نے آپریشنل اخراجات کو کم کرنے کے لیے پاکستان بھر میں دفاتر بند کرنے کی حالیہ خبروں کی وضاحت جاری کی ہے، جس میں ایئرلائن نے پاکستان میں دفاتر بند کرنے کے تمام دعوؤں کی تردید کی ہے۔ اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قطرایئرویز کی پاکستان آنے اور جانے والی پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں اور ہمارے دفاتر بھی کھلے ہیں، حالیہ شائع شدہ رپورٹس جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ قطر ایئرویز نے پاکستان میں اپنے دفاتر بند کر دیئے ہیں، ایسی خبریں غلط ہیں۔
ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے یہ وضاحت اس لیے جاری کی گئی ہے کیوں کہ قبل ازیں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ قطر ائیرویز نے پاکستان میں اپنے تمام دفاتر بند کر دیئے ہیں، اس حوالے سے ایکسپریس نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ خلیجی ملک کی ائیرلائن نے اپنے اخراجات میں کمی کیلئے پاکستان میں تمام دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس فیصلے کے باعث پاکستان بھر میں قطر ائیرویز کے کاؤنٹر سیل، ایڈمن، فنانس کے شعبے بند ہوجائیں گے، قطر ایئر ویز کے دفاتر سے براہ راست ٹکٹوں کی فروخت بھی ختم ہوجائے گی، تاہم ملک بھر میں قطر ائیرویز کے دفاتر بند ہونے کے بعد قطر ائیرویز کے ٹکٹس بذریعہ آن لائن خریدے جا سکیں گے اور قطر ائیرویز کا پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن پہلے کی طرح جاری رہے گا، تاہم اب قطرایئرویز نے پاکستان میں اپنے دفاتر بند کرنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔