شہریوں کیلئے موٹرسائیکل لائسنس بنوانے پر ریلیف جاری رکھنے کا اعلان

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے ایک ہی روز میں لرننگ و ریگولر لائسنس کی سہولت میں توسیع کردی

لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب میں شہریوں کیلئے موٹرسائیکل لائسنس بنوانے پر ریلیف جاری رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے ایک ہی روز میں لرننگ و ریگولر لائسنس کی سہولت میں توسیع کردی ہے، 14 ہفتوں سے جاری اس مہم سے اب تک 23 لاکھ سے زائد پاکستانی مستفید ہوچکے ہیں جب کہ پنجاب ٹریفک پولیس نے صرف نومبر 2024 کے ایک ماہ میں ہی 8 لاکھ 41 ہزار سے زیادہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے، جن میں 2 لاکھ 43 ہزار سے زائد ایسے شہری بھی شامل ہیں جنہوں نے لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے تھے۔
ترجمان پنجاب ٹریفک پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اسی عرصے کے دوران 3 لاکھ 8 ہزار نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے اور تقریباً 2 لاکھ 84 ہزار لائسنسوں کی تجدید ہوئی، جن میں لرنر اور ریگولر دونوں زمرے شامل ہیں جب کہ شہریوں کو 4 ہزار 500 سے زائد بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، لائسنسنگ سنٹرز پر رش اور ٹریفک افسران کی رائے پر شہریوں کو حاصل سہولت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت تمام پاکستانی موٹرسائیکل کے لرننگ لائسنس پر 42 دن کاریلیف حاصل کرتے ہوئے فوری ریگولر لائسنس بنوا سکتے ہیں، قطار اور انتظارسے بچنے کے لیے لائسنسنگ سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال بنا دیا گیا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ بھرمیں آج سے لائسنس کی چیکنگ کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے گا، اس دوران بغیر لائسنس ڈرائیو کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور بھاری جرمانے کیے جائیں گے، اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے کہا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ نہیں کرنے دی جائے گی اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے نفاذ سخت ہوگا۔