ایپ کے ذریعے سکول سربراہان سے فیڈ بیک لیا جا سکے گا، اساتذہ کے عارضی تبادلے بھی ہوسکیں گے
لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب میں اساتذہ کی لوکیشن چیک کرنے کیلئے ایپ لانچ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب نے اساتذہ کی لوکیشن چیک کرنے کیلئے ایپ لانچ کی ہے، اس حوالے سے ترجمان محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ ایپ کے ذریعے سکول سربراہان سے فیڈ بیک لیا جا سکے گا، ایپ میں سی ای اوز کے اختیارات میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سی ای اوز اساتذہ پروفائل میں تبدیلی اور اساتذہ کے عارضی تبادلے بھی کرسکیں گے، نئی ایپ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلمنٹیشن یونٹ کی سرپرستی میں تیار کی گئی ہے، جس سے اساتذہ کی لوکیشن کا پتا چل سکے گا۔ علاوہ ازیں محکمہ تعلیم نے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے سرکاری سکولوں کیلئے 20 نکاتی گائیڈ لائنز جاری کردیں، محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈسپلن اور شفاف تدریسی نظام کے لیے گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں، ڈسٹرکٹ، تحصیل ایجوکیشن افسران اور سکول سربراہان کو گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یقینی بنائنے کی ہدایت کردی گئی۔
محکمہ تعلیم کے مراسلے میں کہا گیا کہ تدریسی اوقات میں اساتذہ، طلباء اور نان ٹیچنگ سٹاف کے بند موبائل فون ہیڈ ٹیچر کو جمع کرائے جائیں گے، سٹاف ڈریس کوٹ اور بند شوز لازمی پہنے گا، ٹیچرز اور طلباء اپنے نام کا بیچ لگائیں گے، یونیفارم کے ساتھ جرسی لازمی پہنیں گے، مرکزی گیٹ پر اوقات کار کا بورڈ ہوگا، ہر کلاس کا سی آر ہوگا اور طلبہ رجسٹر استعمال کریں گے۔
محکمہ تعلیم کا گائیڈ لائنز میں کہنا ہے کہ ہر کلاس میں وائٹ بورڈ کے ایک کارنر پر حاضر اور غیر حاضر طلباء اور مضمون کا خانہ ہوگا، پڑھایا جانے والا مضمون اور اہم نکات بورڈ پر درج ہوں گے، طلباء کے ناخن اور بال کٹنگ روزانہ چیک ہوگی، اساتذہ گھڑی پہنیں گے، اسمبلی میں ہیڈ سمیت تمام ٹیچرز کی حاضری لازمی ہوگی، سکول میں مختلف اقوان زریں کے تین یا چار پینافلیکس لگیں گے۔